دہشت گردی ، موسمی تبدیلی سب سے بڑے چیلنجس

,

   

ساری انسانیت کیلئے لمحہ فکر ۔ ہندوستانی معیشت کی مضبوط بنیادیں ۔ سیول میں مودی کادعویٰ

سیول ۔21فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ دہشت گردی اور موسمی تبدیلی فی الحال انسانیت کو درپیش دو سب سے بڑے چیلنجس ہیں اور مہاتماگاندھی کی تعلیمات اور اقدار دنیا کو ان دونوں سخت مسائل سے نمٹنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم مودی جو جنوبی کوریا کے ساتھ ہندوستان کے کلیدی روابط کی مضبوطی کیلئے دو روزہ دورہ پر یہاں پہنچے ، انہوں نے جنوبی کوریائی صدر مون جائے۔اِن اور سابق یو این سکریٹری جنرل بانکی مون کے ساتھ یہاں باوقار یونسی یونیورسٹی میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی ۔ مودی نے کہا کہ یہ زبردست اعزاز کا معاملہ ہے اور میری خوش قسمتی ہے کہ کوریا کی ممتاز یونیورسٹی میں آج مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی رونمائی انجام دے رہا ہوں ۔ اس موقع کی زیادہ اہمیت ہے کیونکہ ہم گاندھی جی کا 150واں یوم پیدائش منارہے ہیں اور دنیا کیلئے وہ نمایاں رہنما ہیں ۔ اس موقع پر تقریر میں وزیراعظم ہند نے کہاکہ آج دنیا بھر میں انسانیت کو دو سنگین مسائل کا سامنا ہے جن میں اول دہشت گردی اور دوم تبدیلی آب و ہوا ہے ۔ دہشت گردی نے اس بنی نوع انسان کو چیلنج کیا ہے اور اس موقع پر گاندھی جی کی تعلیمات ، اتحاد کا پیغام ، اقدار اور تشدد کی راہ اپنانے والوں کے دل بدل دینے والا ان کا پیغام آج کی دنیا میں مطابقت رکھتا ہے ۔ ہندوستان کی معیشت کے تعلق سے وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ ٹھوس بنیادوں پر قائم ہے اور مستقبل قریب میں اس کی جسامت 5ٹریلین ڈالر ہوجائے گی اور اس کے ساتھ انہوں نے جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو راغب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مواقع کی سرزمین سے ضرور استفادہ کریں ۔

انہوں نے یہاں انڈیا ۔آر او کے بزنس سمپوزیم میں کہا کہ دنیا میں کوئی دیگر بڑی معیشت سال بہ سال زائد از 7فیصد کی شرح پر ترقی نہیں کررہی ہے ۔ 600سے زیادہ کوریائی کمپنیوں جیسے ہونڈائی، سیمسنگ اور ایل جی الکٹرانک پہلے ہی ہندوستان میں سرمایہ لگاچکی ہیں اور وزیراعظم نے کہا کہ ہم مزید کمپنیوں کا خیرمقدم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کار بنانے والی کمپنی Kia عنقریب اس کلب میں شامل ہوجائے گی ۔ کاروباری دوروں میں آسانی کیلئے ہندوستان نے گذشتہ سال اکٹوبر سے کوریائی شہریوں کو آمد پر ویزا دینے شروع کیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہماری معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں اور ہم مستقبل قریب میں 5ٹریلین ڈالر والی معیشت بننے جارہے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ بعض سخت پالیسی فیصلے جیسے گڈس اینڈ سروسیس ٹیکس ( جی ایس ٹی ) اور مزید شعبوں کو بیرونی سرمایہ کاری کیلئے کھول دینے سے ہندوستان بزنس کرنے میں آسانی کی ورلڈ بینک کی درجہ بندی میں 65 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 77ویں پوزیشن پر پہنچ گیاہے ۔ آئندہ سال ہم ٹاپ 50 میں شامل ہونے کا عزم رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج بیرونی راست سرمایہ کاری کیلئے دنیا کے سب سے کھلے ملکوں میں سے ہے ۔ ہمارے 90فیصد سے زیادہ شعبوں کواب ایف ڈی آئی کیلئے خودبخود منظوری حاصل ہوجاتی ہے۔ اس کے نتیجہ میں ہمیں گذشتہ چار سال میں 250بلین ڈالر سے زیادہ مالیت کی ایف ڈی آئی حاصل ہوئی ہے ۔