سری نگر: سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کا کہنا ہے کہ ہائی برڈ جنگجوؤں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں میں گرینیڈ داغنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے کیونکہ جنگجو سیکورٹی فورسز پر بڑے حملے انجام دینے میں ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنار کور کشمیری خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے ۔ موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو سیکورٹی فورسز پر بڑے حملے انجام دینے میں ناکام ہو رہے ہیں اور اب دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والے لوگ نام نہاد ہائی برڈ جنگجوؤں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں میں گرینیڈ داغنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان جگہوں میں لوگ شاپنگ وغیرہ کر رہے ہوتے ہیں اور وہاں گرینیڈ پھینکنا بزدلانہ حرکت ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا کہ چنار کور ہمیشہ سے ہر حال میں کوشش کرتی ہے کہ کشمیری خواتین کو با اختیار بن جانے کا موقع ملے ۔