دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیوں سے ملک کے وقار میں اضافہ

   

لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی یقینی، بنڈارودتاتریہ کا بیان
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر و بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈارودتاتریہ نے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد مرکز کی جانب سے کئے گئے فیصلوں سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ مودی نے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جو کارروائیاںکی ہیں اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ نریندر مودی پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مرکز میں دوبارہ بی جے پی کا برسراقتدار آنا یقینی ہے۔ دتاتریہ نے کہا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے پر ہندوستانی حکومت نے جو قدم اٹھائے اس نے دنیا بھر میں پاکستان کو یکا و تنہا کردیا ہے۔ انہوں نے ونگ کمانڈر ابھینندن کی پاکستان سے واپسی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ہندوستان کے دباؤ کے آگے پاکستان کو جھکنا پڑا۔ دتاتریہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے ایجنڈے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی سلامتی کے مسئلہ پر جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد کررہی ہے جبکہ پاکستان ان طاقتوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت ابھی صحیح راستہ پر نہیں آئی ہے۔ کئی اہم اُمور کو چیف منسٹر نے اپنے پاس رکھا ہے جو کسی بھی حکومت کیلئے مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی نظم و نسق، ہاوزنگ اور دیگر اہم محکمہ جات میں عوامی مسائل زیر التواء ہیں ایسے میں قلمدان چیف منسٹر کا اپنے پاس رکھنا مسائل کی یکسوئی میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں پر بی جے پی مقابلہ کرے گی۔