نئی دہلی :عام آدمی پارٹی قومی کنوینر ا اروند کجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں دہلی میں بڑھتے جرائم کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ کجریوال نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی راجدھانی کی موجودہ حالت کو بے حد سنگین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرف خون خرابہ ہو رہا ہے اور دہلی دنیا کی سب سے غیر محفوظ راجدھانی یعنی دارلحکومت ہوگیا ہے۔ یہاں کے لوگ دہشت اور خوف کے ماحول میں جینے پر مجبور ہیں۔کجریوال نے کہا کہ دہلی میں جرائم کا گراف مسلسل بڑھتا جا رہا ہے لیکن مرکزی حکومت اسے روکنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
عآپ کنوینر نے وزارت داخلہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دہلی کے نظامِ قانون کی ذمہ داری وزیر داخلہ امیت شاہ کے پاس ہے لیکن حالت میں سدھار کے لیے ٹھوس قدم نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں کجریوال نے دہلی کا ایک کرائم میپ بھی جاری کیا۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں امیت شاہ کے گھر سے کتنے کلومیٹر دور دہلی کے کس علاقے میں کون سی بڑی جرائم کی وارداتیں ہوئی تھیں۔ کجریوال نے کہا کہ جب امیت شاہ اپنے گھر کے 20 کلو میٹر کے دائرے میں نظام قانون نہیں سنبھال پا رہے ہیں تو پورے ملک کی سیکوریٹی کو وہ کیا سنبھالیں گے؟