دہلی شراب اسکام میں کویتا گرفتار، دہلی منتقل

   

آج راوس ایونیو کورٹ میں پیش کیا جائیگا، ٹرانزٹ وارنٹ کے بغیر گرفتاری پر کے ٹی آر کا احتجاج، کویتا کی قیامگاہ کے سامنے کشیدگی، جذباتی مناظر
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) دہلی شراب اسکام میں انفورسٹمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو گرفتار کرتے ہوئے دہلی منتقل کردیا۔ گرفتاری کے درمیان ڈرامائی مناظر دیکھنے کو ملے۔ ٹرانزٹ وارنٹ کے بغیر گرفتار کرنے کی کے ٹی آر نے مخالفت کی۔ دہلی روانہ ہونے سے قبل کویتا جذباتی ہوگئیں اور فرزند کی پیشانی پر بوسہ دیا، شوہر سے ملاقات کی، جئے تلنگانہ کا نعرہ لگاتے ہوئے کار میں سوار ہوگئیں۔ بی آر ایس کے کارکن بڑے پیمانے پر جمع ہوگئے اور احتجاجی نعرے لگائے۔ پارٹی کے سینئر قائدین نے احتجاجی کارکنوں کو سمجھایا۔ پولیس کے بھاری بندوبست میں کویتا کو شمس آباد ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ کویتا دہلی شراب اسکام کی ملزمہ ہیں۔ ان سے ماضی میں ای ڈی اور سی بی آئی نے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔ کئی مرتبہ انہیں پوچھ تاچھ کیلئے نوٹس جاری کی گئی تھی لیکن کویتا پوچھ تاچھ کیلئے حاضر نہیں ہوئیں جس کے بعد آج ای ڈی اور آئی ٹی عہدیداروں کی ٹیمیں حیدرآباد پہنچ کر بنجارہ ہلز میں کویتا کی قیامگاہ پر تین گھنٹوں تک ان سے پوچھ تاچھ کی اور شام 5:20 بجے انہیں گرفتار کرنے کی اطلاع دی گئی۔ ای ڈی نے بتایا کہ منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی کویتا کے بھائی بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق وزیر ہریش راؤ کویتا کے گھر پہنچ گئے اور کویتا کی گرفتاری پر ای ڈی اور آئی ٹی کے عہدیداروں سے بحث و تکرار کی اور ٹرانزٹ وارنٹ کے بغیر کویتا کو گرفتار کرنے پر سخت اعتراض کیا۔ کویتا کو گرفتار نہ کرنے کا سپریم کورٹ سے وعدہ کرنے کے باوجود گرفتار کرنے کی انکوائری آفیسر سے وجہ طلب کی۔ تاہم عہدیداروں نے کسی کی کچھ نہیں سنی صرف اپنا کام کیا۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے انہیں دہلی منتقلی کیا۔ ہفتہ کو راوس اونیو کورٹ میں کویتا کو پیش کیا جائے گا۔ پوچھ تاچھ کے دوران عہدیداروں نے کویتا اور ان کے پی اے کے علاوہ گھر کے دیگر افراد کے 16 سیل فونس کو ضبط کرلیا۔ کویتا کو ایرپورٹ منتقل کرنے کے دوران ان کی قیامگاہ پر بی آر ایس کے کارکن بڑے پیمانے پر پہنچ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے گاڑی کے سامنے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی اور نعرہ بازی کی تاہم پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو ہٹاتے ہوئے کویتا کی کار کو ایرپورٹ تک پہنچانے میں تعاون کیا۔ کے ٹی آر نے کویتا کی گرفتاری پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی اور آئی ٹی کے عہدیداروں نے ایک منظم سازش کے تحت گرفتاری کیلئے جمعہ کے دن کا انتخاب کیا۔ پوچھ تاچھ کی تکمیل کے بعد گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کویتا کی گرفتاری کی سخت مذمت کی اور سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کیس کی سپریم کورٹ میں 19 مارچ کو سماعت ہے اس سے قبل کویتا کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی سیاسی تماشہ کرتے ہوئے بی آر ایس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہماری تحریک سے جنم لینے والی پارٹی ہے مقدمات اور گرفتاریوں سے بی آر ایس ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے۔ کانگریس اور بی جے پی ایک دوسرے سے ساز باز کرتے ہوئے بی آر ایس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔2