صدر جمہوریہ سے 72 بیورو کریٹس کی نمائندگی کے بعد 270 معزز شخصیات کا چیف منسٹر کجریوال کو مکتوب
نئی دہلی: مشرقی دہلی میں پیش آئے فساد کی آزادانہ جانچ اور تحقیقات کے مطالبات میں تیزی آتی جاتی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں ملک کے 72 بیورو کریٹسنے صدرجمہوریہ ہند رامناتھ کووند کو خط بھیجا تھا اور اب دہلی کی 270 سے زائد معزز شخصیات کی جانب سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو مکتوب بھیجا گیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ دہلی حکومت کسی ریٹائرڈ جج سے دہلی کے فسادکی آزادانہ جانچ کرائے۔ خاص بات یہ ہے کہ جانچ کی آواز اٹھانے والو ں میں سابق فوجی افسران شامل ہیں۔ سابق ایئر وائس مارشل آین آئی رزاقی اور اے وی ایس ایم مکند دوبے نے بھی کجریوال کو بھیجے گئے خط پر دستخط کئے ہیں۔ دستخط کرنے والے دیگر اشخاص میں سابق انفارمیشن کمشنر وجاہت حبیب اللہ، سیاستداں برندا کرات کے علاوہ ہرش میندر، ہندو مذہبی رہنما سوامی اگنی ویش وغیر ہ شامل ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دہلی اقلیتی کمیشن کی رپورٹ میں واضح طورپرکہا گیا ہے کہ دہلی پولیس جس طرح سے تحقیقات کررہی ہے اور رپورٹ پیش کر رہی ہے وہ پورے طورپر جانبدارانہ سیاست سے آلودہ ہے۔ اس لئے فوری طور پر آزادانہ انکوائری کرائی جائے تاکہ دہلی کے لوگوں میں انصاف کے تعلق سے اعتماد بحال ہو، نیز جو افراد فساد کے گنہگار ہیں ان کو کیفر کردار تک پہونچایا جاسکے۔