دہلی’ قومی کچرا دارالحکومت‘ بی جے پی کا ’کارنامہ‘:کجریوال

,

   

غازی پور کا زمین کی بھرائی کا ملبہ تاج محل کی اونچائی کو پیچھے چھوڑ دے گا، حکومت دہلی نے پانچ سال میں 20,000 کلاس روم تعمیر کئے

نئی دہلی ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج بی جے پی اور اس کے زیر انتظام بلدی اداروں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دہلی کو ہندوستان کا کچرا دارالحکومت بنادیا ہے اور دعویٰ کیا کہ غازی پور کا زمین کی بھرائی والا ملبہ عنقریب تاج محل کی اونچائی کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر دہلی بی جے پی وجئے گوئل نے جوابی تنقید میں کہا کہ کجریوال ہی حکمرانی کے دو ماڈل کی بات کرتے ہیں لیکن بھول گئے کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دہلی کو ’نرگ‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ بی جے پی اور ایم سی ڈی نے دہلی کو ہندوستان کا کچرا اڈہ بنادیا جہاں کچرے کے کھلے ڈبے ہیں اور کچرا شہر کے کونے کونے میں پھینکا جاتا ہے۔ دہلی کیلئے شرم کی بات ہے کہ یہ سوچ بھارت مشن میں درجہ بندی کے نچلے حصے میں ہے۔ انہوں نے غازی پور میں کچرا اور ملبہ پھینکے جانے سے شہر کے عوام کو ہونے والی پریشانی کو اجاگر کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کا دہلی کیلئے سب سے بڑا تحفہ غازی پور میں کچرا اور ناکارہ اشیاء کا پہاڑ جیسا ملبہ ہے جو اندیشہ ہے کہ آگرہ کے تاج محل کی اونچائی کو عبور کرجائے گا۔ مزید پریشان کن حقیقت یہ ہے کہ دہلی میں صرف 40 فیصد کچرے کا فائدہ اٹھایا جاتا ہے۔ کجریوال نے ایم سی ڈی رپورٹ کارڈ میڈیا کو بتایا اور بلدی اداروں اور حکومت دہلی کے تحت مختلف شعبوں کے اعداد و شمال کا تقابل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کے سامنے حکمرانی کے دو ماڈل ہیں اور انہیں شہر اور قوم کیلئے درست ماڈل کو منتخب کرنا ہے۔ سب سے پہلے میں ایم سی ڈی کے پرائمری اسکولس میں تعلیم کی سطح میں فرق کو پیش کرنا چاہوں گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت دہلی کے سینئر سکنڈری اسکولس کا جائزہ بھی لیجئے ۔ ایک طرف ایم سی ڈی نے گزشتہ 9 سال میں 109 اسکول بند کردیئے ہیں، دوسری طرف حکومت دہلی نے گزشتہ پانچ سال میں اپنے اسکولس میں20,000 نئے کلاس رومس تعمیر کئے ہیں ۔ بلدی اداروں میں سب سے زیادہ بدعنوان عہدیدار موجود ہیں۔ کجریوال نے ایم سی ڈی ’موسٹ کرپٹ ڈپارٹمنٹ ‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میں نہیں کہہ رہا ہوں بلکہ اس کا میرے پاس ثبوت ہے۔