نئی دہلی :جیسے جیسے دیوالی قریب آرہی ہے، پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ دہلی سمیت ملک کے کئی شہروں میں پیاز کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ دہلی کے خوردہ بازار میں پیاز کی قیمت 65 روپے سے بڑھ کر 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ مقامی دکاندار 80 روپے فی کلو کے حساب سے پیازبیچ رہے ہیں۔ چہارشنبہ کو مدر ڈیری کے اسٹور پر پیاز کھلے عام 54تا56 روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی اور صرف دو دنوں میں پیاز کی قیمت 67 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ کو پیاز کی کل ہند اوسط خوردہ قیمت 45 روپے فی کلو تھی لیکن زیادہ سے زیادہ قیمت 80 روپے فی کلو ہے۔کہا جا رہا ہے کہ پیاز کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ کی وجہ بازار میں پیاز کی سپلائی میں کمی ہے اور تہواروں سے پہلے پیاز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اہلکار نے کہا کہ خریف کی اس فصل میں تاخیر کی وجہ سے پیاز کی پیداوار میں تاخیر ہوئی ہے اور آمد کم ہوئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ خوردہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر، صارفین کو راحت فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے جمعہ کو خوردہ بازار میں بفر پیاز کی فروخت 25 روپے فی کلو کی رعایتی شرح پر بیچنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ اگست کے وسط میں 22 ریاستوں میں کئی جگہوں پر تقریباً 1.7 لاکھ ٹن پیاز بفر کیا گیا تھا۔ اب اسے ریٹیل مارکیٹ میں لانچ کیا جا رہا ہے۔ دہلی میں بھی اسی قیمت پر بفر پیاز فروخت ہو رہی ہے۔