نئی دہلی 30 مئی ( ایجنسیز ) جنوبی دہلی کے ساکیٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک ہمہ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ کئی افراد اس کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ آٹھ افراد کو تاحال ملبہ سے نکالا گیا ہے ۔ دہلی فائر سروسیس کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ پانچ فائر ٹنڈرس اور بچاؤ ٹیموں کو طلب کرلیا گیا ہے جو یہاں بچاؤ اور راحت کے کام انجام دے رہے ہیں۔ محکمہ فائر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہیںرات 7.45 بجے عمارت منہدم ہونے کی اطلاع ملی تھی اور یہ شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کچھ افراد ملبہ میں دبے ہوسکتے ہیں۔ فوری متعلقہ عملہ کو روانہ کیا گیا ہے اور تلاشی اور بچاؤ کے کام شروع کردئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ کثیر تعداد میں لوگ یہاں جمع ہوگئے ہیں اور انہوں نے پولیس اور بچاؤ ٹیموں کے ساتھ مل کر بچاؤ کاموں اور ملبہ کو ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ عمارت متصل ٹین شیڈ کینٹین پر گری تھی جہاں کچھ بچے رات کا کھانا کھا رہے تھے۔