دہلی میں یوم اطفال پر دھند کے بادل، متواتر تیسرے روز فضاء کا معیار ناقص

   

نئی دہلی ، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ۔ این سی آر خطے میں جمعرات کو متواتر تیسرے روز شدید آلودگی پائی گئی جس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ خصوصیت سے بچوں کو بھی نمٹنا پڑا کیونکہ آج یوم اطفال کے موقع پر کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کئی بچوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی۔ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے کہا کہ ضروری اقدامات کریں اور ان کیلئے صاف ہوا اور فضاء کو یقینی بنائیں۔ جمعہ کو بھی صورتحال میں کچھ بہتری کا امکان نہیں ہے کیونکہ موسمیات کے ماہرین نے آج کی طرح کی صورتحال کی پیش قیاسی کی ہے۔ اس قسم کی دھند اور دھوئیں جیسی صورتحال کی وجہ گہرے بادل اور ہوا کی رفتار میں کمی بتائی گئی ہے۔ قومی دارالحکومت میں فضائی معیار کا اشاریہ سہ پہر 4 بجے 463 نوٹ کیا گیا جو چہارشنبہ کو 456 سے بڑھ کر ہے اور 50-100 کی اطمینان بخش سطحوں سے زائد از چار گنا بڑھ کر ہے۔ سٹلائٹ ٹاؤنس غازی آباد (467)، گریٹر نوئیڈا (462)، گرگاؤں (447)، فریدآباد (446) بھی زہریلی فضاء کی لپیٹ میں ہیں۔