دہلی پولیس کانگریس قائد راہول گاندھی کے مکان میں داخل

,

   

عصمت ریزی متاثرین کے بیان پرنوٹس کے بعد کارروائی ، کانگریس کا شدید ردعمل

نئی دہلی: بھارت جوڑو یاترا کے دوران دئے گئے بیان کے سلسلہ میں اتوار کے روز دہلی پولیس راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی کو ایک نوٹس بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔ تاہم انڈین نیشنل کانگریس نے دہلی پولیس کے اس عمل کو شرم ناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اڈانی معاملہ پر سوالوں سے گھبرا گئے ہیں اور حکومت کی ایسی حرکتوں سے کانگریس پارٹی کا حوصلہ مزید مضبوط ہوگا۔ وہیں پولیس کی اس کارروائی کے بعد کانگریس کے اہم قائدین متحرک ہو گئے اور یکے بعد دیگرے راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔ رپورٹ کے مطابق پون کھیڑا، اشوک گہلوت، شکتی سنگھ گوہل، ابھیشیک منو سنگھوی اور جے رام رمیش راہول کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔پولیس نے پہلے پون کھیڑا کو رہائش گاہ کے اندر جانے سے روک دیا تھا لیکن بعد میں انہیں اجازت دے دی گئی۔ پون کھیڑا نے کہا کہ راہول گاندھی کو دھمکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کو کیا لگتا ہے کہ وہ ڈر جائیں گے؟وہیں، اسپیشل سی پی (لا اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہڈا نے کہا کہ ہم ان سے بات کرنے آئے ہیں۔ راہول گاندھی نے 30 جنوری کو سری نگر میں ایک بیان دیا تھا کہ یاترا کے دوران انہوں نے کئی خواتین سے ملاقات کی اور انہوں نے راہول گاندھی کو بتایا کہ ان کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔ اس لیے ہم ان سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔خیال رہے کہ سری نگر میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کے آخری دن راہول گاندھی نے کہا تھا کہ آج بھی خواتین کا جنسی استحصال ہو رہا ہے۔ دہلی پولیس نے اس معاملہ پر راہول گاندھی کو 16 مارچ کو نوٹس بھیجا تھا، جس میں پوچھا گیا تھا کہ وہ کون سی خواتین ہیں جنہوں نے یہ بات کہی ہے۔ راہول گاندھی کو اپنی تفصیلات دہلی پولیس کو دینی چاہئے۔ دہلی پولیس ذرائع کے مطابق کانگریس لیڈر نے ابھی تک دہلی پولیس کو جواب نہیں دیا ہے۔وہیں، کانگریس نے دہلی پولس کے ذریعہ راہول گاندھی کو نوٹس دینے پر مرکز کو نشانہ بنایا۔ کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور اڈانی کے درمیان تعلقات پر راہول گاندھی کے سوالات سے پریشان حکومت پولیس کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔ کانگریس نے کہا تھا کہ ہم قانون کے مطابق مناسب وقت پر نوٹس کا جواب دیں گے۔ یہ نوٹس اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے۔دریں اثنا، کانگریس پارٹی کی طرف سے ایک ٹوئٹ میں لکھا گیا ’’بھارت جوڑو یاترا اور راہول گاندھی نے خواتین کو اپنے مسائل اور درد بانٹنے کے لیے ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کیا۔ دہلی پولیس کی یہ شرم ناک حرکت ثابت کرتی ہے کہ وزیر اعظم مودی اڈانی معاملہ پر ہمارے سوالوں سے گھبرائے ہوئے ہیں۔ ایسی حرکات سے ہماری ہمت مضبوط ہوئی، ہم جواب لیتے رہیں گے۔‘‘