نئی دہلی :مغربی دہلی کے ایک مشہور کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں اچانک پانی داخل ہونے کے بعد ایک طالب علم کی موت ہو گئی ہے اور کم از کم دو دیگر تین گھنٹے سے زائد عرصے تک پھنسے رہے۔ دہلی کے ایک آئی اے ایس اسٹڈی سرکل کے تہہ خانے میں مکمل طور پر سیلاب کا پانی داخل ہوگیا۔ فائر بریگیڈ کے حکام نے بتایا کہ انہیں ہفتہ کی شام تہہ خانے میں طلباء کے پھنسے ہونے کی کال موصول ہوئی اور پانچ فائر انجنوں کو امدادی کارروائیوں کیلئے روانہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایک طالبہ کی نعش نکال لی گئی ہے۔ یہ واقعہ مغربی دہلی کے پٹیل نگر میں پانی بھری گلی کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران یو پی ایس سی کے امیدوار کو بجلی کا کرنٹ لگنے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔