دہلی کی عمارت میں آگ لگ گئی ، طلبہ عمارت سے چھلانگ لگانے پر مجبور

   

نئی دہلی ۔ دارالحکومت دہلی میں آگ لگنے کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا۔ مغربی ضلع کے ہری نگر میں ایک عمارت میں آگ لگ گئی۔ اس دوران عمارت میں موجود کئی بچوں نے کسی نہ کسی طرح چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ معلومات کے مطابق عمارت میں طلباء کے لیے پی جی چلایا جا رہا تھا، لیکن آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے کسی طرح آگ پر قابو پالیا اور عمارت میں پھنسے بچوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ چہارشنبہ کی دوپہر ویسٹ ڈسٹرکٹ فائر بریگیڈ ٹیم کو اطلاع ملی کہ ہری نگر علاقے میں ایک عمارت میں آگ لگی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران کئی بچے عمارت سے چھلانگیں لگا رہے تھے۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر بچوں کو چھلانگ لگانے سے روک کر امدادی کارروائی شروع کردی۔ فائر بریگیڈ نے پہلے آگ پر قابو پایا، پھر بچوں کو بچا کر عمارت سے باہر نکالا۔ اس دوران عمارت سے باہر آنے والے بچوں میں خوف کی فضا دیکھی گئی۔ فائر بریگیڈ ٹیم نے کہا ہے کہ حادثے میں کوئی بچہ زخمی نہیں ہوا۔ سب کو بچا کر باہر نکال لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے تاہم حادثے کی دیگر وجوہات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے بموجب جس عمارت میں آگ لگی وہاں پی جی چلایا جا رہا تھا۔ پی جی میں بڑی تعداد میں طلبہ رہ رہے تھے، لیکن یہاں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ آگ پر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو بڑا واقعہ رونما ہو سکتا تھا۔