دہلی کی پانچ ستارہ ہوٹل تاج مان سنگھ کورونا وائرس مرکز میں تبدیل

,

   

نئی دہلی ۔ /16 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی مشہور و معروف پانچ ستارہ ہوٹل تاج مان سنگھ کو اب سرگنگا رام ہاسپٹل سے مربوط کیا جارہا ہے تاکہ شہر میں مہلک کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے ۔ انتظامیہ کی جانب سے آج ایک حکم کی اجرائی عمل میں آئی جس کے تحت ہوٹل کورونا وائرس مریضوں کو اپنے تمام کمرے سربراہ کرنے کے علاوہ غذا بھی سربراہ کرے گا ۔ اس کے علاوہ ایمبولینس خدمات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ مریضوں کو علاج کی فیس ہاسپٹل کو ادا کرنی ہوگی اور بعد ازاں ہوٹل کو رقم کی بازادائیگی عمل میں آئے گی۔حکومت کے تازہ ترین رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہوٹل اسٹاف کو حفاظتی کٹ اور تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ اگر ہاسپٹل اس بات کا خواہاں ہو کہ اس کے ڈاکٹرس ، نرسیس اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف ہوٹل میں ہی قیام کریں تو اس کے لئے ہاسپٹل کو تمام اخراجات برداشت کرنے ہوں گے ۔