صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کا انکشاف ۔ 38 نمونے جانچ کیلئے روانہ ۔ 20 دوکانوں کو نوٹس
حیدرآباد 25 اکٹوبر(سیاست نیوز) دیپاولی کے پیش نظر تلنگانہ میں مٹھائی تیار کرنے والے مراکز اور مٹھائی کی دکانوں میں صفائی و غذائی تحفظ کے معیار کی جانچ کیلئے تلنگانہ اسٹینڈرڈز اتھارٹی فار فوڈ اینڈ اسینشل ڈرگس (ٹی جی سیف) کی جانب سے مختلف اضلاع میں خصوصی مہم 23 اکتوبر کو انجام دی گئی۔ اس مہم میں 53 اداروں کا معائنہ کیا گیا اور مختلف مقامات پر صفائی و حفظانِ صحت سے متعلق خامیاں پائی گئیں۔ ٹی جی سیف ذرائع کے مطابق 24 اکتوبر کو معائنے کے دوران بعض اداروں میں فرش کی خستہ حالت اور ناقص غذائی اشیاء کی موجودگی، برتن دھونے کے مقامات پر گندگی، نالیوں کی عدم صفائی اور دیواروں پر گرد و غبار اور کھانے پینے کی اشیاء کے داغ پائے گئے۔ حکام نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بعض اداروں میں کیڑوں پر قابو پانے سے متعلق ریکارڈ اور غذائی اشیاء تیار کرنے والے ملازمین کے صحت سے متعلق ریکارڈ دستیاب نہیں تھے۔ کچھ ملازمین بغیر ہیئر نیٹ اور دستانوں کے کام کرتے پائے گئے، جبکہ ایگزاسٹ سسٹم اور چمنیوں پر چکنائی جمع تھی۔ معائنے کے دوران غذائی اشیاء کو فرش پر رکھنے اور کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ غیر غذائی اشیاء ذخیرہ کرنے جیسے معاملات بھی سامنے آئے۔ حکام نے مشتبہ ملاوٹ کی جانچ کیلئے 38 نمونے حاصل کیے ۔ خامیوں کو دور کرنے مٹھائی کی 20 دوکانوں کو وجہ نمائی نوٹس دی گئی۔ ان اداروں کا دوبارہ معائنہ کرکے غذائی تحفظ کے ضوابط پر عمل آوری کی جانچ کی جائیگی۔ یہ خصوصی مہم منچریال، جنگاؤں، سدی پیٹ، کھمم، نارائن پیٹ، جوگولامبا گدوال، ونپرتی، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، پداپلی، کاماریڈی، نرمل، حیدرآباد، کریم نگر، نظام آباد، ہنمکنڈہ، میدک، ملگ، جگتیال، ورنگل، محبوب نگر اور دیگر علاقوں میں مختلف مٹھائی کی دکانوں، بیکریوں اور متعلقہ اداروں میں انجام دی گئی۔ ٹی جی سیف نے واضح کیا کہ معائنے کے بعد دوبارہ جانچ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ (ب؍V)