دیہی علاقوں کو آلودگی سے پاک بنانے خصوصی مہم کا آغاز

   

ای بی جی فاؤنڈیشن کے تحت پہلے مرحلہ میں 50 مواضعات کا احاطہ، سرکاری اداروں سے تعاون
حیدرآباد ۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) آلودگی پر قابو پانے اور ماحولیات سے کاربن کی سطح کو کم کرنے کیلئے ارتھ ڈے کے موقع پر (EBG) فاؤنڈیشن نے قومی سطح پر سنبھاو ہے مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے تحت مرحلہ وار طور پر دیہی علاقوں کو اختیار کرتے ہوئے ماحولیات سے کاربن کی سطح کو کم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ای بی جی گروپ کے بانی اور چیرمین ڈاکٹر عرفان خاں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ۔ اس پروگرام کے تحت نلگنڈہ ضلع کے چرلا تانڈا کا انتخاب کیا گیا جہاں تجرباتی طور پر آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آب و ہوا میں کاربن کی مقدار کو کم از کم 10 تا 20 فیصد کنٹرول کرتے ہوئے آئندہ تین برسوں میں دیہی علاقوں کو کاربن سے پاک بنایا جائے گا ۔ پہلے سال 50 مواضعات کو اختیار کیا جائے گا اور 30 کروڑ کے مصارف ہوں گے۔ دوسرے سال 150 اور تیسرے سال 750 مواضعات کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اس کام میں سرکاری اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ دیہی علاقوں کو آلودگی سے پاک بنانا اس مہم کا بنیادی مقصد ہے ۔ اس پروگرام کے تحت صاف پینے کے پانی کی سربراہی اور زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ فاؤنڈیشن کی جانب سے گھر گھر سروے کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ گرین کور میں اضافہ کے تحت موضع کو آلودگی سے پاک بنایا جائے گا ۔ ڈاکٹر عرفان خاں نے بتایا کہ ہر گاؤں میں شعور بیداری مہم کے علاوہ ضروری آلات سربراہ کئے جائیں گے۔ تلنگانہ کے بعد دیگر ریاستوں میں اس پروگرام کو توسیع دی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر ای بی جی فاؤنڈیشن سریش گوئل ، ایڈیشنل ڈائرکٹر ایم رنجیتا کے علاوہ صدرنشین نیو سائنسیس کریئٹر انسٹی ٹیوٹ پی کے کوٹنالا ، سچن سنگر، اوم پرکاش موہنتی ، اجئے ارورہ اور دوسرے موجود تھے۔1/k