قائد اپوزیشن راہول گاندھی کا موقف مستحکم، بی جے پی کی حلیف جماعتوں کی راہول گاندھی کو حمایت
حیدرآباد 30 اگست (سیاست نیوز) ملک میں ذات پات پر مبنی سروے سے متعلق کانگریس قائد راہول گاندھی کی تجویز کو بی جے پی کی حلیف جماعتوں سے تائید حاصل ہورہی ہے۔ این ڈی اے کی اہم حلیف جنتا دل یونائٹیڈ نے ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تائید کی ہے۔ پارٹی کے سربراہ نتیش کمار نے قائدین کے ساتھ اجلاس میں ملک میں مردم شماری کی تائید سے واقف کرایا۔ واضح رہے کہ بہار میں کمزور طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے نتیش کمار راہول گاندھی کی تشکیل کی تائید پر مجبور ہیں۔ جنتادل یونائٹیڈ نے اس پر پارلیمنٹ میں مباحث کا مطالبہ کیا۔ پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے بہبودیٔ پسماندہ طبقات کے اجلاس میں جنتادل یونائٹیڈ کے گردھاری یادو نے کہا کہ ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی ضرورت ہے۔ ڈی ایم کے رکن ٹی آر بالو نے سب سے پہلے مردم شماری کی تائید کی۔ کانگریس رکن مانکیم ٹیگور نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے ایجنڈہ میں مردم شماری کو سرفہرست رکھا جائے۔ ٹی ایم سی کے رکن کلیان بنرجی نے کہاکہ مرکزی وزارت داخلہ کو پسماندہ طبقات کے سروے کی سفارش کرنی چاہئے ۔ جنتادل یونائٹیڈ کے گریدھر یادو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں وسیع تر مباحث کے ذریعہ مردم شماری کو قطعیت دی جائے۔ واضح رہے کہ مودی حکومت میں شمولیت کے بعد جنتا دل یونے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں موقف نرم کرلیا تھا ۔ تاہم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں جنتادل یونائٹیڈ کا موقف واضح ہوچکا ہے۔ پارٹی رکن نے کہاکہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ریاست کی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا اہتمام کرکے تفصیلات جاری کردی ہے۔ لوک جن شکتی (رام ولاس) کے چراغ پاسوان نے بھی مردم شماری کی تائید کی۔ 1