چیف منسٹر کا حلف لے کر تلنگانہ مفادات کا تحفظ کریں گے : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت چلانے کے تقاضے پورا نہیں کرسکتے تو ریونت ریڈی چیف منسٹر کے عہدے سے فوری مستعفی ہوجائیں وہ چیف منسٹر کا حلف لیتے ہوئے تلنگانہ کے مفادات کا مکمل تحفظ کر کے دکھائیں گے ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی پراجکٹس کا احیاء کرتے ہوئے کسانوں کو نقصانات سے بچانے اور زرعی شعبہ کو پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ پانی لفٹ کرنے کی گنجائش ہونے کے باوجود حکومت اقدامات نہیں کررہی ہے ۔ اگر ایسا نہیں کرسکتے تو ریونت ریڈی مستعفی ہوجائیں ۔ وہ چیف منسٹر کا حلف لیتے ہوئے تمام کام بخوبی انجام دیں گے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں 94 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی کاشت ہوتی تھی بی آر ایس کے دور حکومت میں تین کروڑ میٹرک ٹن دھان کی کاشت ہوئی ہے ۔ یہ کاشت جادو سے نہیں ہوئی بلکہ حکومت کے موثر بروقت اقدامات سے ہوئی ہے ۔ بی آر ایس حکومت کی اس معاملے میں سارے ملک میں ستائش ہوئی ہے ۔ اس لیے بی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ عوام میں بی آر ایس کے خلاف غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ لیکن سچائی تو سچائی ہوتی ہے ۔ لاکھ جھوٹ بول لیں اس کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے ۔ یا سنگی سیزن میں کے سی آر پانی سربراہ کرسکتے ہیں تو ریونت ریڈی کیوں سربراہ نہیں کرسکتے ۔ عوام کو اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ ابھی بھی پانی لفٹ کر کے سربراہ کرنے کی گنجائش ہے ۔ انجینئرس بھی اس کو ممکن قرار دے رہے ہیں ۔ کانگریس حکومت نہیں کرسکتی تو حکومت بی آر ایس کے حوالے کردیں ہم ممکن کر کے دکھائیں گے ۔ مجھے چیف منسٹر کی ذمہ داری سونپی گئی تو وہ کر کے دکھائیں گے ۔ کون کتنے دن چیف منسٹر رہتا ہے اس کا عوام فیصلہ کریں گے اگر وعدے پورے کئے جاتے ہیں تو عوام پسند کریں گے بصورت دیگر اقتدار سے بیدخل کردیں گے ۔ ریونت ریڈی نے بحیثیت پی سی سی صدر کے سی آر کو گولی مار دینے پھانسی دینے کا ریمارکس کیا ہے ۔۔ 2