ذہنی تناؤ میں کمی کیلئے سوشیل میڈیا کے استعمال کو کم کرنا ضروری

   

رویہ اور سلوک میں مثبت تبدیلی ، ایک ادارہ کی تحقیق میں انکشاف
حیدرآباد۔16۔مئی۔ (سیاست نیوز) ذہنی تناؤ میں کمی کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال کو کم کیا جانا ناگزیر ہے۔ذہنی تناؤ‘ انسانی برتاؤ اور سلوک پر سوشل میڈیا کے اثرات کا جائزہ لینے والے ایک ادارہ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے دوران اس با ت کا انکشاف ہوا ہے کہ بے چینی ‘ سستی اور ذہنی تناؤ سے باہر نکلنے کے لئے یک ہفتہ تک سوشل میڈیا کا عدم استعمال نہایت فائدہ مند ثابت ہوا ہے اور تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جو لوگ وقت گذاری کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں ان میں ذہنی تناؤ اور کاہلی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور وہ اس صورتحال سے نمٹنے میں خود کو ناکام تصور کر رہے ہیں لیکن مطالعہ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ وہ اگر ایک ہفتہ تک مکمل طور پر سوشل میڈیا سے دور رہنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ایسی صورت میں انہیں ذہنی تناؤ اور کاہلی سے کافی حد تک نجات حاصل ہوسکتی ہے۔18تا72 سال کی عمر کے افراد میں کروائے گئے سروے میں 150 افراد نے حصہ لیا جنہیں ایک ہفتہ کے لئے مکمل طور پر سوشل میڈیا سے دور رکھا گیا جس کے بعد ان کی صحت کی جانچ بالخصوص ذہنی صلاحیتوں کی جانچ پر یہ بات واضح ہوئی ہے کہ سوشل میڈیا سے دور رہنے والوں کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ کے علاوہ ان کے تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔ان میں یہ بات بھی محسوس کی گئی کہ ایک ہفتہ تک سوشل میڈیا سے دور رہنے کے بعد ان میں پائی جانے والی بے چینی کی کیفیت بھی بڑی حد تک دور ہوئی ہے اور ان کے رویہ اور سلوک میں بھی نمایاں تبدیلی ریکارڈ کی گئی ہے۔م