نئی دہلی۔ مڈفیلڈر موئرنگتھم رابی چندر سنگھ کو ارجنٹینا کے خلاف ایف آئی ایچ پرو لیگ مرحلے دوکے لیے 22 رکنی ہندوستانی مردوں کے ہاکی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جس سے ان کی سینئر ٹیم میں ڈیبیو ہونے کی امید ہے۔اسٹرائیکر گرجنت سنگھ زخموں سے صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آرہے ہیں۔ عالمی نمبر چھ ٹیم ارجنٹینا کے خلاف یہ میچ 19 اور 20 مارچ کو بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ رابچندرا، جو اے آئی ایچ جونیئر ورلڈ کپ میں ہندوستانی جونیئر مردوں کی ٹیم کا حصہ تھے، ہاکی انڈیا کی جانب سے بدھ کو اعلان کردہ اسکواڈ میں واحد نیا چہرہ ہے۔مرکزی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ گول کیپرکرشنا بہادر پاٹھک کی جگہ سورج کرکیرا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مندیپ مور اور دیپسن ٹرکی کی جگہ امیت روہیداس اور جوگراج سنگھ کو دفاعی لائن میں شامل کیا گیا ہے۔ مڈ فیلڈ میں جسکرن سنگھ اور آکاش دیپ سنگھ کی جگہ سمیت اور رابچندرا کو شامل کیا گیا ہے۔۔ ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ اسٹار ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔