راجدھانی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال “بلڈوزر سیاست” سے مقابلے کےلئے ہیں تیار، اراکین اسمبلی سے کریں گے خصوصی ملاقات

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کی صبح پارٹی کے دہلی کے اراکین اسمبلی کا اجلاس بلایا ہے تاکہ بی جے پی کے زیر اقتدار تین میونسپل کارپوریشنوں میں پارٹی کے ذریعہ جاری مبینہ ’بلڈوزر سیاست‘ پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ایک سیاسی جوابی حکمت عملی تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اجلاس پہلے ہفتہ کو بلایا گیا تھا لیکن دہلی کے منڈکا میں آتشزدگی کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا۔عآپ نے بھاجپ پر الزام لگایا ہے کہ تین شہری اداروں کے ذریعہ جاری انسداد تجاوزات مہم انتخابی موضوع ہے اور غریبوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ بی جے پی لیڈروں کی طرف سے کی گئی تجاوزات کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ بلڈوزر کی سیاست نے عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ایک جنگ شروع کردی ہے جس میں نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر زور دیا ہے کہ وہ دارالحکومت میں مزید انہداموں کو روک دیں جب تک کہ شہری اداروں کے اہلکاروں کے خلاف تحقیقات نہیں کی جاتیں۔