راجستھان میں کسانوں کی زراعتی اراضی کی نیلامی روکنے کی ہدایت

   

جے پور : حکومت راجستھان نے ریزرو بینک کے ماتحت کمرشل بینکوں کے ذریعہ کسانوں کے قرض کی ادائیگی نہ کرپانے کی وجہ سے ریاست میں ان کی زراعتی زمین کی نیلامی روکنے کی ہدایات دی ہیں۔وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے آج سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ ریاست میں ریزرو بینک کے کے ماتحت آنے والے کمرشل بینکوں کے ذریعہ کسانوں کے قرض کی ادائیگی نہ کرپانے کی وجہ سے زمین کی قرقی اور نیلامی کی کارروائی روڑا ایکٹ کے تحت کی جا رہی ہے ، ریاستی حکومت نے حکام کو ایسی کارروائیاں روکنے کی ہدایت دی ہے ۔مسٹر اشوک گہلوت نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کوآپریٹو بینکوں کے قرض معاف کر دیے ہیں اور مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ کمرشل بینکوں کے ساتھ یکمشت تصفیہ کرتے ہوئے کسانوں کے قرض معاف کرے ۔ اس میں ریاستی حکومت بھی اپنا حصہ برداشت کرنے کو تیار ہے ۔ ہماری حکومت نے پانچ ایکڑ تک زراعتی زمین والے کسانوں کی زمین نیلامی پر پابندی کا بل قانون ساز اسمبلی میں پاس کیا تھا لیکن اس پر گورنر کی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے ابھی تک یہ قانون نہیں بن سکا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘مجھے افسوس ہے کہ اس قانون کو نہ بنانے کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔