جئے پور :15 نومبر ( یو این آئی ) راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڈے نے الور میں تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ این ای ای ٹی اور جے ای ای جیسے مسابقتی امتحانات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ضلع میں تقریباً 18,000 طلباء نے ان امتحانات میں شرکت کی، لیکن ان میں سے صرف 14 کامیاب ہوئے۔ یہ اعداد و شمار تعلیم کے معیار پر سوال اٹھاتے ہیں۔ضلعی سطح کے عہدیداروں کی ایک جائزہ میٹنگ میں گورنر نے کہا کہ جماعت 1 سے 12 تک تعلیم کی سطح کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیم میں کامیابی کا مطلب صرف طلباء کوجماعت 12 پاس کروانا نہیں ہے۔ بچوں میں ذہنی صلاحیت، صوابدید اور منطقی سوچ کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے نشہ مکت بھارت ابھیان پر عمل آوری پر بھی زور دیا ۔