اعتماد بحال کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق
وینتیانے (لاؤ) ؍ نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ جو لاؤ کے دورے پر ہیں، چہارشنبہ کو چین کے وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون کے ساتھ ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اعتماد کی بحالی پر بات کی۔ راجناتھ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چین کے وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون کے ساتھ ویتنام میں بہت نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ ہم نے (ہمارے دونوں ممالک کے درمیان) باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی بحالی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے راجناتھ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کے وزرائے دفاع کی میٹنگ کے ساتھ مدعو ممالک کے اجلاس (اے ڈی ایم ایم۔پلس ) میں شرکت کیلئے 20سے 22 نومبر تک لاؤ کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ وہ وینٹیان میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے مسائل پر بات کریں گے ۔یہ اے ڈی ایم ایم۔پلس کی 11ویں میٹنگ ہے ۔ وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس مدت کے دوران وہ آسٹریلیا، جاپان، لاؤ، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، فلپائن، کوریا اور امریکہ کے وزرائے دفاع کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کر سکتے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانا ہے ۔اے ڈی ایم ایم آسیان میں اعلیٰ ترین دفاعی مشاورتی اور تعاون کا طریقہ کار ہے ۔ اے ڈی ایم ایم آٹھ ڈائیلاگ پارٹنرز (ہندوستان ، امریکہ، چین، روس، جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ) کے علاوہ آسیان کے رکن ممالک برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤ پی ڈی آر، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، ویتنام ،تھائی لینڈکو مدعو کرتا ہے ۔