راجہ سنگھ کو جیل بھیجنے تک احتجاج جاری رہے گا: اسد اویسی

   

گستاخ رسول ؐ کی دوبارہ گرفتاری کا مطالبہ، تشدد سے گریز کی نوجوانوں سے اپیل

حیدرآباد۔24۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام اضلاع اور شہر حیدرآباد کے گلی کوچوںمیں جاری احتجاج کے دوران رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو جیل بھیجنے تک احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت تلنگانہ اور پولیس سے گستاخ رکن اسمبلی کو دوبارہ گرفتار کرنے اور اس کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیرسٹر اسد اویسی نے کہا کہ شان رسالت ؐ میں ہوئی گستاخی پر احتجاج جائز اور ہندستانی شہریوں کا جمہوری حق ہے لیکن احتجاج کے دوران کسی بھی طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہو ںنے کہا کہ رکن اسمبلی گوشہ محل نے جان بوجھ کر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے لئے یہ بیان جاری کیا ہے تاکہ شہر کی فضاء کو مکدر کریں ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے احتجاجیوں سے اپیل کی کہ وہ ضرور احتجاج کریں لیکن احتجاج کے دوران کسی بھی طرح کے تشدد یابہکاوے کا شکار نہ ہوں کیونکہ اگر وہ پرتشدد احتجاج کرتے ہیں تو ایسی صورت میں بی جے پی اور آرایس ایس کے مقاصد پورے ہوں گے۔بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مخصوص ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران دعویٰ کیا کہ آئندہ گنیش تہوار اور ماہ ربیع الاول کے دوران شہر حیدرآباد کی پر امن فضاء کو مکدر کرنے کے لئے یہ سازش تیار کی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت اور پولیس کو شہر حیدرآباد کی پرامن فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے فوری طور پر ملعون رکن اسمبلی کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کے اقدامات کرے۔ انہو ںنے بتایا کہ مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے اسپیکر اسمبلی سے نمائندگی کرتے ہوئے ان سے خواہش کی گئی ہے کہ آئین پر حلف لینے والے رکن نے حلف کی خلاف ورزی کی ہے اسی لئے اس کی رکنیت منسوخ کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ صدر مجلس نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ گستاخ کے خلاف کاروائی کو یقینی بناتے ہوئے احتجاجیوں کے مطالبہ کو پورا کرے۔م