نئی دہلی ۔ 20 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سرکردہ کانگریس قائدین بشمول صدر پارٹی سونیا گاندھی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور سابق صدر پرنب مکرجی نے راجیوگاندھی کو آج اُن کے 75 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اُن کی یادگار ویر بھومی پر دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا جہاں سابق سربراہ کانگریس راہول گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھی دیگر ارکان خاندان کے ساتھ خراج پیش کیا۔ دعائیہ اجتماع میں کئی کانگریس قائدین بھی موجود تھے ۔ سابق نائب صدر حامد انصاری بھی اجتماع میں شریک ہوئے ۔ راہول گاندھی نے اپنے والد کو محب وطن اور بصیرت افروز شخصیت کے طورپر یاد کیا جس کی دوراندیشی پر مبنی پالیسیوں نے ہندوستان کو آگے بڑھانے میں مدد کی ۔ راجیوگاندھی کے یوم پیدائش کو سدبھاؤنا دیوس کے طورپر منایا جاتا ہے چنانچہ کانگریس نے اس ہفتے کے دوران مختلف ایونٹس کے اہتمام کی منصوبہ بندی کی ہے ۔