بنڈلہ گوڑہ اور پوچارم میں صرف 50 فیصد فلیٹ کیلئے رقم کی ادائیگی، باقی فلیٹس کے بارے میں حکومت کے فیصلہ کا انتظار
حیدرآباد ۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں راجیو سوا گروہا کے تحت فلیٹس کی فروخت کے معاملہ میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کو توقع کے برخلاف مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنڈلہ گوڑہ اور پوچارم علاقوں میں راجیو سوا گروہا فلیٹس کی خریدی کے لئے عوام نے کوئی خاص دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا اور صرف 50 فیصد افراد نے خریدی کیلئے ابتدائی رقم جمع کرائی۔ حکام کی جانب سے ابتدائی رقم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے بعد بھی 50 فیصد سے زائد خریدار نہیں پہنچے۔ گزشتہ ماہ 3900 فلیٹس دلچسپی رکھنے والے درخواست گزاروں کو الاٹ کئے گئے لیکن ان میں صرف 1900 افراد نے رقم جمع کرائی ہے۔ ایچ ایم ڈی نے بنڈلہ گوڑہ میں 2237 اور پوچارم میں 1458 فلیٹس فروخت کئے تھے جو راجیو سوا گروہا کارپوریشن کی جانب سے تقریباً ایک دہا قبل تعمیر کئے گئے ہیں۔ بنڈلہ گوڑہ میں 3900 فلیٹس کے لئے 39000 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور ان میں زیادہ درخواستیں 3 بیڈروم فلیٹس کے لئے تھیں۔ ایچ ایم ڈی اے نے لاٹری کے ذریعہ جون میں فلیٹس کو الاٹ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جن افراد کو فلیٹس الاٹ کیا گیا انہیں 3 بیڈروم فلیٹ کے لئے 3 لاکھ روپئے ، ڈبل بیڈروم کے لئے 2 لاکھ اور سنگل بیڈروم کے ایک لاکھ روپئے ابتدائی رقم اندرون ایک ہفتہ جمع کرانی تھی۔ الاٹمنٹ لیٹر کی اجرائی کے باوجود تاحال صرف 1900 افراد نے رقم جمع کی ہے جبکہ آخری مہلت 31 جولائی کو ختم ہوگئی۔ ابتدائی رقم جمع کرنے والے افراد کو باقی رقم 90 دنوں میں جمع کرانی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک ہی خاندان سے کئی افراد کے درخواستیں داخل کرنے کے نتیجہ میں ابتدائی رقم جمع کرانے والے افراد کی تعداد کم دیکھی جارہی ہے۔ حکومت نے درخواست داخل کرنے کیلئے ایک ہزار روپئے فیس کے ساتھ صرف آدھار نمبر طلب کیا تھا۔ اگر ایک خاندان کے ایک سے زائد افراد کو فلیٹ الاٹ کیا گیا تو ان میں سے صرف ایک فلیٹ کیلئے ابتدائی رقم جمع کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی درخواست گزار بینک لون کے حصول میں دشواریاں محسوس کر رہے ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے نے حکومت کو تجویز روانہ کی ہے کہ ایسے افراد کا الاٹمنٹ منسوخ کردیا جائے جنہوں نے ابتدائی رقم جمع نہیں کرائی ہے۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد نئے الاٹمنٹ کے بارے میں ایچ ایم ڈی اے اپنا موقف طئے کرے گا ۔ ر