نئی دہلی : راجیہ سبھا کے لیے دو سالہ چناؤ کے تازہ راونڈ کے اختتام کے بعد بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے نے ایوان بالا میں اپوزیشن کے ساتھ اپنے فرق کو مزید بڑھا لیا ہے کیوں زعفرانی پارٹی کی اب 86 نشستیں اور کانگریس کی محض 41 سیٹیں ہوگئی ہیں ۔ 245 رکنی ایوان میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے اب لگ بھگ 100 ارکان ہیں ۔ اگر دوست پارٹیاں جیسے اے آئی اے ڈی ایم کے ( 9 ) ، بی جے ڈی ( 9 ) ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی (6 ) اور کئی حلیف نامزد ارکان نیز چھوٹی پارٹیوں کو شمار کیا جائے تو مودی حکومت کو اس ایوان میں عددی طاقت کو سنگین چیلنج کا سامنا ہونے کا امکان نہیں ہے ۔ بی جے پی نے اسمبلیوں میں اپنی عددی طاقت کے ساتھ ساتھ دیگر پارٹیوں سے انحراف پر انحصار کیا ، خاص طور پر کانگریس سے کئی لیجسلیٹرس منحرف ہو کر بی جے پی کی طرف آئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن 61 نشستوں کے لیے 2 سالہ چناؤ کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن مارچ میں کورونا وائرس وباء کے سبب انتخابی عمل موقوف کرنا پڑا تھا ۔ 42 ارکان قبل ازیں بلا مقابلہ منتخب ہوئے جبکہ19 جون کو بقیہ کیلئے ووٹ ڈالے گئے ۔