حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی تلنگانہ میں راجیہ سبھا امیدواروں کے ناموں کا کل 14 فروری کو اعلان کرسکتی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملک میں 56 راجیہ سبھا نشستوں کے چناؤ میں کانگریس پارٹی 9 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور زیادہ تر نشستیں کانگریس برسراقتدار ریاستوں کی ہیں۔ تلنگانہ میں 3 نشستوں کیلئے چناؤ ہوگا اور 15 فروری پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ کانگریس نے سابق صدر پارٹی سونیا گاندھی کو تلنگانہ سے راجیہ سبھا کی ایک نشست کا پیشکش کیا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق سونیا گاندھی راجستھان سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب کی جاسکتی ہیں۔ اُتر پردیش کی رائے بریلی لوک سبھا نشست کی نمائندگی پرینکا گاندھی کریں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی کو اُتر پردیش میں پارٹی کے استحکام کی ذمہ داری دیتے ہوئے رائے بریلی سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی راجستھان سے منتخب ہوکر پہلی مرتبہ راجیہ سبھا میں قدم رکھیں گی۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے راجیہ سبھا امیدواروں کے مسئلہ پر سونیا گاندھی، کے سی وینو گوپال اور دیگر قائدین سے بات چیت کی ہے۔ کرناٹک، تلنگانہ، بہار، ہماچل پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا میں کانگریس پارٹی اپنے امیدوار کھڑا کرسکتی ہے۔ سونیا گاندھی کو کئی ریاستوں سے راجیہ سبھا کی پیشکش کی گئی لیکن وہ راجستھان کے حق میں ہیں۔ پارٹی ہائی کمان 14 فروری کو اپنے تمام راجیہ سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردے گا۔ تلنگانہ کی 2 نشستوں کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ہائی کمان نے مشاورت کی ہے اور ایک نشست پر ہائی کمان تلنگانہ سے باہر کے کسی قائد کو امیدوار بنانے پر غور کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں کئی نام زیر غور بتائے جاتے ہیں۔ تلنگانہ کی انچارج دیپا داس منشی نے پردیش کانگریس کمیٹی کے فیصلہ سے ہائی کمان کو واقف کرایا ہے جس میں صدر پارٹی کو انتخاب کی ذمہ داری دی گئی۔ کانگریس کے ساتھ بی آر ایس بھی کل تک راجیہ سبھا کی نشست کیلئے امیدوار کے نام کو طئے کردے گی۔ بی آر ایس کے تین ارکان راجیہ سبھا کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہورہی ہے اور مخلوعہ نشستوں پر چناؤ کا اعلان کیا گیا ہے۔1
اگر صرف تین امیدوار میدان میں ہوں تو متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آئے گا۔1