راج بھون میں گورنر کا ایٹ ہوم

   

اہم شخصیتوں کی شرکت ، نمایاں کارکردگی پر افراد اور اداروں کو ایوارڈز

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر جشنو دیو ورما نے یوم جمہوریہ کے موقع پر راج بھون میں عصرانہ کا اہتمام کیا۔ راج بھون کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گورنر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات کیلئے شخصیتوں اور اداروں کو گورنر ایکسلینس ایوارڈ پیش کیا۔ ماحولیات، معذورین کی بھلائی، اسپورٹس اور کلچر کے شعبہ میں 8 اہم شخصیتوں اور اداروں کا ایوارڈ کیلئے انتخاب عمل میں آیا۔ جن شخصیتوں اور اداروں کو ایوارڈ پیش کیا گیا ان میں ڈی ستیہ نارائنا، اے رگھو، جے دیپتی، بی پی کرشنا بھارتی، پروفیسر ایم پانڈو رنگا راؤ، دھرونش آرگنائزیشن، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ، آدتیہ مہتا فاؤنڈیشن اور سمسکرتی فاؤنڈیشن شامل ہیں۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار کے پدمانابھیا کی زیر صدارت جیوری نے ایوارڈ یافتگان کا انتخاب کیا۔ چیف منسٹر کے سکریٹری دانا کشور ( آئی اے ایس ) نے ایوارڈز یافتگان کے انتخاب کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ گورنر جشنو دیو ورما، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کارگذار چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس سجئے پال نے ایوارڈز پیش کئے۔ ایوارڈ 2 لاکھ روپئے نقد اور توصیف نامہ پر مشتمل تھا۔ تقریب کے بعد ایٹ ہوم کا اہتمام کیا گیا اور گورنر اور لیڈی گورنر نے مدعوئین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ ایٹ ہوم میں شریک اہم شخصیتوں میں مرکزی وزیر کشن ریڈی، سابق گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ، اسپیکر اسمبلی پرساد کمار، صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ، اتم کمار ریڈی، پی سرینواس ریڈی، ارکان کونسل جناب عامر علی خاں، پروفیسر کودنڈا رام، رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی،صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، سابق صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کے علاوہ پولیس اور سیول کے اعلیٰ عہدیدار، سیاسی ، سماجی شعبہ جات کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ گورنر نے اس موقع پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پدما ایوارڈ یافتگان کو تہنیت پیش کی۔ بی آر ایس کے سرکردہ قائدین گورنر کے ایٹ ہوم سے غیر حاضر رہے۔1