راج ناتھ نے لیہہ میں فوجیوں کے ساتھ ہولی منائی

   

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو لیہہ میں فوجیوں کے ساتھ رنگوں کا تہوار ہولی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور جنرل آفیسر کمانڈنگ فائر اینڈ فیوری کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی ان کے ساتھ تھے ۔فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے دشوار گزار خطوں اور خراب موسم میں مادر وطن کے دفاع میں ان کی بہادری، عزم اور قربانی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اونچائی والے علاقوں میں تعینات فوجیوں کا مثبت عزم صفر سے نیچے کے درجہ حرارت میں بھی مضبوط ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہلی قومی راجدھانی ہے ، ممبئی مالیاتی راجدھانی ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے ، اسی طرح لداخ ہندوستان کی بہادری کی راجدھانی ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ “پورا ملک خود کو محفوظ محسوس کر رہا ہے کیونکہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ہم ترقی کر رہے ہیں اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمارے چوکس سپاہی سرحدوں پر تیار کھڑے ہیں۔ ہر شہری کو مسلح افواج پر فخر ہے کیونکہ وہ اپنے خاندانوں سے بہت دور رہتے ہیں تاکہ ہم اپنے خاندانوں کے ساتھ ہولی اور دیگر تہوار پرامن طریقے سے منا سکیں۔ قوم ہمیشہ ہمارے فوجیوں کی مقروض رہے گی اور ان کی ہمت اور قربانی آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔