راشد نے ایوارڈ مرحوم والدین کومنسوب کردیا

   

ابوظہبی۔ دہلی کیپٹلز کے خلاف کامیابی کے ہیرو سن رائزرس حیدرآباد کے لیگ اسپنر راشد خان نے اپنے مین آف دی میچ ایوارڈ کو اپنے مرحوم والدین سے منسوب کیا ہے ۔ حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر162 رنز بنائے ۔ دہلی کی ٹیم ہدف سے15 رن پیچھے رہی۔ افغانستان کے جادوئی اسپنر نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا۔مین آف دی میچ ایوارڈ ملنے کے بعد راشد خان نے جذباتی لہجے میں کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال کا وقفہ میرے لئے بہت مشکل رہا۔ میں نے تین چار ماہ پہلے اپنے والد اورماں کوکھویا ہے۔ وہ میری سب سے بڑی مداح تھیں۔یہ ایوارڈ ان دونوں کے نام ، جب بھی مجھے کوئی ایوارڈ ملتا تو میری والدہ رات بھر مجھ سے بات کرتی رہتی تھیں۔اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ان پر اچھی کارکردگی کا کوئی دباؤ نہیں ہے ۔