راشن شاپس سے تقسیم کئے جانے والے چاول میں ایک کلو کی کٹوتی

   


تازہ فیصلے پر آج سے عمل آوری ہوگی ، کمشنر محکمہ سیول سپلائز کے کلکٹرس اور راشن ڈیلرس کو احکامات
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت نے غریب عوام میں راشن شاپس سے تقسیم کئے جانے والے چاول کے کوٹہ میں کٹوتی کردی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد گذشتہ 8 سال سے عمل کئے جانے والے 6 کلو چاول کی اسکیم ختم ہوگئی ہے ۔ جس طرح نیشنل فوڈ سیکوریٹی کارڈ رکھنے والوں کو 5 کلو چاول دیا جاتا ہے ۔ اس طرح ریاستی فوڈ سیکوریٹی رکھنے والوں کو بھی 5 کلو چاول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ماضی میں مرکزی حکومت کے جاری کردہ نیشنل فوڈ سیکوریٹی کو 5 کلو چاول دیا جاتا تھا جس میں ریاستی حکومت ایک کلو چاول کا اضافہ کرتے ہوئے 6 کلو چاول فراہم کرتی تھی ۔ اب سے تمام کارڈس پر فی کس 5 کلو چاول سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی مناسبت سے ریاستی سیول سپلائز کے کمشنر انیل کمار کی طرف سے جاری کردہ احکامات سے غریب عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اس فیصلے پر 7 جنوری سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تازہ جاری کردہ احکامات میں نیشنل فوڈ سیکوریٹی کارڈ رکھنے والے ہر فرد کو فی کس 5 کلو چاول مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آنتودیا کارلاس کو 35 کلو مفت چاول ، اناپورنا کارڈس کو فی کس 10 کلو مفت چاول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست بھر میں مرکزی حکومت کے جاری کردہ 5,62,629 آنتودیا کارڈس کے 15,15,137 استفادہ کنندگان کو 35 کلو چاول سال بھر میں مفت تقسیم کیا جائے گا ۔ اس طرح نیشنل فوڈ سیکوریٹی 48,80,605 کارڈس کے 1,76,55,689 استفادہ کنندگان فی کس 5 کلو مفت چاول حاصل ہوگا ۔ ریاست میں جملہ 54,43,234 نیشنل فوڈ سیکوریٹی ( آنتودیا کارڈس کے شمار کے ساتھ ) ہیں جن کے 1,91,70,826 استفادہ کنندگان میں ماضی میں 3 روپئے کلو چاول کا کوٹہ تھا ۔ جس کو ایک سال تک مفت کردیا گیا ہے ۔ جس سے ریاستی حکومت پر 2 روپئے کی سبسیڈی کا بوجھ اور صارفین پر ایک روپیہ کا بوجھ کم ہوجائے گا ۔ نیشنل فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے علاوہ ریاستی حکومت نے 35,71,410 اضافی کارڈس جاری کیا ہے ۔ ان کارڈس کے 91,69,050 استفاہ کندگان ہیں ۔ جنہیں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے فی کس 6 کلو کے حساب سے چاول تقسیم کیا جارہا ہے ۔ کلو چاول کی قیمت 32 روپئے ہے مگر استفادہ کنندگان سے صرف ایک روپیہ وصول کیا جارہا تھا اور حکومت 31 روپئے کی سبسیڈی کا بوجھ برداشت کررہی تھی ۔ آئندہ سے سبسیڈی کا تمام بوجھ ریاستی حکومت برداشت کرے گی اور 91,69,050 استفادہ کنندگان کو فی کس 5 کلو چاول ماہانہ مفت تقسیم کرے گی ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کے حدود میں موجود مزید 5435 اناپورنا کارڈس کو ماہانہ 10 کلو مفت چاول تقسیم کیا جارہا ہے ۔ ریاست بھر میں موجود نیشنل فوڈ سیکوریٹی کارڈس اور ریاستی فوڈ سیکوریٹی کارڈس جملہ 90,14,928 کارڈس کے 2,83,39,876 استفادہ کنندگان کو مفت چاول سربراہ کیا جائے گا ۔ اس فیصلہ پر 7 جنوری سے سال کے اواخر دسمبر تک عمل آوری کرے گی ۔ اس سلسلے میں اضلاع کلکٹرس اور تمام راشن ڈیلرس کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں راشن کے چاول کی تقسیم میں چند تحدیدات تھے ۔ ایک روپیہ کلو چاول کے حساب سے گھر کے چار افراد کو فی کس چار کلو چاول تقسیم کیا جاتا تھا ۔ جس کو کے سی آر حکومت نے جنوری 2015 برخاست کردیا ۔ گھر کے ہر فرد کو فی کس 6 کلو چاول تقسیم کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ صرف چار افراد کا جو لزوم تھا اس کو برخاست کرتے ہوئے خاندان میں جتنے بھی افراد ہوں انہیں فی کس 6 کلو چاول تقسیم کرنے کی اسکیم کا آغاز کیا تھا ۔۔ ن