راشن کی تقسیم میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے :شیوراج

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج شیوپور ضلع کی جائزہ میٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کو غذائی قلت کے داغ سے آزاد کرنا ہے اور راشن کی تقسیم میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔مسٹر چوہان آج صبح ضلع کے سینئر افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کر رہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش پر 17 ستمبر کو ضلع کے کراہل میں منعقدہ پروگرام کے انتظامات اور نظم و ضبط کے لیے ضلع انتظامیہ کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں نافذ کیا جائے ، ہر اہل شخص کو اسکیموں کا فائدہ ملنا چاہیے ۔وزیراعلی چوہان نے کہا کہ شیوپور کو غذائی قلت کے داغ سے آزاد کرنا ہے ۔ یہ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں غریبوں کی فلاح و بہبود کی اسکیموں کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے ، راشن کی تقسیم میں کوئی خلل نہ پڑے اور لوگوں کو اچھی حکمرانی فراہم کی جائے ۔ راشن کی تقسیم کے جائزے کے دوران انہوں نے کچھ دیہاتوں میں صرف پانچ چھ دن کے لیے راشن کی دکانیں کھولنے ، کیوسک سے پرچیاں نہ دینے کی شکایات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔