حیدرآباد 21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ درپدی مرمو نے راشٹرپتی نیلائم میں کئی سیاحتی مراکز کا افتتاح کیا جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے چلڈرنس پارک ، سیڑھیوں کی باؤلی کی بحالی اور آبپاشی نظام کے احیاء جیسے اقدامات کی ستائش کی ۔ راک واٹر کے ساتھ شیوا اور نندی مجسمے نصب کئے گئے ۔ اسکے علاوہ نالج گیلری میں اضافہ کیا گیا۔ 1948 ء میں ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین کے انضمام کی تاریخ پر تیار 36 میٹر بلند فلیگ پوسٹ کا صدر جمہوریہ نے افتتاح کیا ۔ حکام نے راشٹرپتی نیلائم احاطہ میں کئی سیاحتی امور کا اضافہ کیا ہے۔ سیڑھیوں کی تین باؤلیوں کو بحال کرکے پانی کے استعمال کے اقدامات کئے گئے ۔ باؤلیوں کی بحالی سے نہ صرف بارش کے پانی کا تحفظ ہوگا بلکہ آبپاشی اور دیگر اغراض کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ نالج گیلری میں دو نئے انکلیو شامل کئے گئے ۔ راشٹرپتی نیلائم صدر جمہوریہ کے دورہ کے بعد عوام کیلئے کھول دیا جائیگا ۔ وزیٹرس آن لائین سلاٹ بک کرسکتے ہیں۔ ہفتہ میں 6 دن سوائے پیر کے راشٹرپتی نیلائم وزیٹرس کیلئے صبح 10 تا شام 5 بجے کھلا رہے گا۔ خیرمقدمی آفس پر بروقت بکنگ کی سہولت دستیاب رہے گی۔