راشٹر پتی بھون میں منعقد شدنی پائین نمائش میں بہتر کارکردگی کی خواہش

   


قومی سطح کے انسپائر ایوارڈس پر پداپلی کی دو طالبات کی ستائش۔ ضلع کلکٹر

پداپلی۔23ستمبر۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)قومی سطح کے انسپائر ایوارڈس میں بہترین صلاحیتوں کے مظاہرے کے ذریعہ انسپائیر ایوارڈ کے لئے منتخب ہونے والے دو طالبات کو ضلع کلکٹر نے ماہ مارچ میں راشترپتی بھون میں منعقد شدنی ” پائین نمائش” میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت ہند کے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی اور نیشنل اینو ویشن فاونڈیشن کے مشترکہ زیر اہتمام نویں قومی انسپائر ایوارڈس برائے سال 21-2022 میں بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے طالبات اور رہنما اساتذہ کو ضلع کلکٹر نے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ حالیہ دور میں سماجی و جدید ایجادات کی کافی ضرورت ہے۔ قومی مقابلوں میں ضلع سے زیادہ طلباء کے انتخاب اور پداپلی ضلع کا نام روشن کرنے پرضلع کلکٹر نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو خصوصی مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ نئے ضلع کی تشکیل کے بعد سابق میں بھی چھٹویں، ساتویں اور اب نویں قومی انسپائر ایوارڈس میں ضلع کے طلباء نے اپنے اختراعات کے ساتھ بہترین مظاہروں کے ذریعہ پداپلی ضلع کا نام قومی سطح پر روشن کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب راماگری منڈل کے ضلع پریشد ہائی اسکول چندنا پور سے قومی مقابلوں میں شرکت کرنے والی ڈی۔ہرشیتا (ساتویں جماعت )کے تیار کردہ ’کامن میان فرینڈلی ملٹیپل ہیلمٹ ‘سلطان آباد منڈل کے آلفورس ہائی اسکول کی طالبہ ایم۔پوجیتا(ساتویں جماعت )کے تیار کردہ ’ایکسل کیمرہ فار اسکول بس‘ نمونوں نے شرکاء کا دل جیت لیا۔ ان طالبات کی رہنمائی کرنے والے گائیڈ ٹیچرس ٹی۔سمپت کمار، کے شیام سندر کو ضلع کلکٹر نے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ضلع مہتمم تعلیمات ڈی مادھوی، ضلع سائنس آفیسر بی روی نندن راو، آلفورس چیرمین ڈاکٹر وی، نریندر ریڈی، مدارس کے صدر مدرس کے۔سرینواس و دیگر موجود تھے۔