رافائیل معاملے میں حکومت چوکیدار کو بچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ راہول گاندھی

,

   

نئی دہلی -کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل سودے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے براہ راست ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس گھپلے میں حکومت انہیں بچا رہی ہے لہٰذا پورے معاملے کی فوجداری تحقیقات ہونی چاہئے ۔

گاندھی نے جمعرات کو کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقد خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ رافیل میں بڑا گھپلا ہوا ہے اور مسٹر مودی نے دفاعی سودے سے متعلق عمل کی بائی پاس سرجری کر کے یہ سودے کیا اور صنعتکار انل امبانی کو 30ہزار کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ اب اس سودے کی ساری فائلیں غائب ہو رہی ہیں۔ ان فائلوں میں وزیر اعظم کا نام ہے ۔ حکومت ’چوکیدار‘کو بچارہی ہے ۔ غائب فائلوں میں لکھا ہے وزیر اعظم کے دفتر نے رافیل سودے میں مداخلت کی تھی۔ اس پورے معاملے کی جانچ ہونی چاہئے ۔

مسٹر گاندھی نے رافیل سے متعلق فائلوں کے غائب ہونے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں سب کچھ غائب ہو رہا ہے ۔ دو کروڑ نوجوانوں کا روزگار غائب ہوا، کسانوں کو صحیح قیمت دینے کا وعدہ غائب ہوا، کسانوں کے بیمے کا پیسہ غائب ہوا، نوٹ بندي میں کاروبار غائب ہوا اور اب رافیل کی فائلیں غائب ہو گئیں۔

کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے جو بدعنوانی کی ہے اس سے متعلق سارے دستاویزات غائب کروائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر حکومت جسے چاہے سزا دے لیکن رافیل کے قصورواروں کو سزا ضرور ملنی چاہیے ۔

حکومت اور عدالت کا کام سب کو انصاف دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع کی فائلوں میں واضح طور پر لکھا ہے کہ رافیل طیارہ سودے میں گڑبڑی ہوئی ہے ۔

وزیراعظم کے دفتر کا اس میں براہ راست دخل رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس گھپلے میں مسٹر مودی راست طور پر جڑے ہوئے ہیں اور اب معاملے کی جانچ ہونی چاہیے ۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ اگر رافیل سودے میں بدعنوانی نہیں کی گئی ہے تو حکومت نے اس معاملے کی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی) سے اس کی جانچ کرانے کے مطالبے کو کیوں مسترد کیا۔ حکومت جانچ سے بچ رہی ہے اور اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ معاملے میں بڑا گھپلہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رافیل سودے میں تاخیر کی وجہ مسٹر مودی ہیں۔ انہوں نے انل امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لئے اس میں تاخیر کی ہے ۔

فرانس کے صدر نے صاف طور پر کہا کہ مودی حکومت نے انل امبانی کو آفیسٹ سودا دینے کے لئے کہا تھا۔