رافیل سودا معاملہ:فیصلہ پر نظرثانی کے لئے سپریم کورٹ میں عرضی داخل

,

   

نئی دہلی-رافیل جنگی طیارہ سودا پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا اور ارون شوری اور وکیل پرشانت بھوشن نے آج ایک عرضی دائر کی۔سپریم کورٹ نے رافیل جنگی طیارہ سودے پر چودہ دسمبر کو فیصلہ دیا تھا۔

اس فیصلہ پر نظر ثانی کے لئے تینوں نے عرضی دائر کی ہے ۔ تینوں نے اپنی نظر ثانی عرضی پر کھلی عدالت میں زبانی سماعت کی بھی درخواست کی ہے ۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ رافیل جنگی طیارہ سودا پر چودہ دسمبر کے سپریم کورٹ کے فیصلے میں کئی خامیاں ہیں۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھنے کے بعد کئی نئے حقائق سامنے آئے ہیں جن کے مدنظر اس معاملے کی تہہ تک جانے کی ضرورت ہے ۔تینوں عرضی گذاروں نے کہا ‘‘کمپٹرولر اورآڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رافیل سے متعلق رپورٹ نہ تو سونپی گئی ہے اور نہ ہی اس کا مطالعہ کیا گیا ہے ۔

’’چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے چودہ دسمبر کو رافیل جنگی طیارہ سودے پر دائر تمام عرضیوں کو منسوخ کردیا تھا۔ عرضی گذاروں میں فرانس کے ساتھ ہوئے رافیل جنگی طیارہ سودا کی عدالت کی نگرانی میں جانچ کی درخواست کی گئی تھی ۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ سودے کا فیصلہ کرنے کے عمل میں شک کی گنجائش نہیں ہے ۔ عدالت عظمی نے کہا تھا کہ قیمت دیکھنا اس کا کام نہیں ہے ۔