اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی میں فلائی اوور کا افتتاح ، مودی اور بی جے پی پر کے ٹی آر کی تنقیدیں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی رام راج کے نام پر راون راج کررہی ہے ۔ کسی بھی شہری کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے نہیں آئے اور نہ ہی 2022 تک سب کو مکانات فراہم کرنے کے وعدے کو پورا کیا گیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی کے کیتلاپور میں 86 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ فلائی اوور کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مرکز کے تعاون کے بغیر چیف منسٹر کے سی آر تحریک کے جذبہ سے تلنگانہ بالخصوص گریٹر حیدرآباد کو ترقی دے رہے ہیں ۔ ایل بی نگر سے کوکٹ پلی ، اُپل سے شیرلنگم پلی تک ہر طرف فلائی اوورس ، انڈر پاسیس ، آر او بی ، آر یو بی ایک یا دو نہیں بلکہ ایس آر ڈی پی کے پہلے مرحلے تک 8052 کروڑ روپئے کے مصارف سے 47 مختلف ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ گذشتہ 8 سال کے دوران 30 فلائی اوورس تعمیر کئے گئے ہیں ۔ مزید 17 فلائی اوورس کی تعمیرات مختلف مراحل میں ہیں ۔ ان کی عاجلانہ تعمیرات کرتے ہوئے جاریہ سال 6 ماباقی آئندہ سال عوام کے لیے دستیاب رکھا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایس آر ڈی پی کے تحت دوسرے مرحلے کے کاموں پر 3115 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کیا ۔ ریاست اور شہروں کی ترقی میں سڑکوں کی توسیع بہتر عوامی ٹرانسپورٹ نظام اہم رول ادا کرتے ہیں اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی و تعمیری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2014 سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی ۔ عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ۔ سالانہ 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ 2022 تک تمام شہریوں کو مکانات فراہم کرنے اور 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دو گنا کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ مگر اس جانب کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ رام راج کا نعرہ دیتے ہوئے راؤن راج کیا جارہا ہے ۔ مذہب کے نام پر سیاست کرتے ہوئے نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے جلسہ عام میں موجود عوام سے استفسار کیا کہ کیا ان کے بینک اکاونٹس میں 15 لاکھ جمع ہوئے ہیں ۔ بی جے پی کے تمام وعدے محض جملہ بازی ثابت ہوئے ہیں ۔۔ ن