چنڈی گڑھ۔ 26 مئی (ایجنسیز)ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کو ایک بار پھر 30 دن کی پیرول پر جیل سے رہا کر دیا گیا۔ سادھویوں کے ساتھ عصمت دری کے مقدمہ میں 20 سال کی سزا کاٹ رہے رام رحیم کو منگل کی صبح سخت سیکورٹی کے درمیان روہتک کی سناریا جیل سے باہر نکالا گیا، جہاں سے وہ سرسا واقع اپنے آشرم کے لیے روانہ ہوا۔ ڈیرہ کے ترجمان اور وکیل جتیندر کھرانہ کے مطابق پیرول کی مدت کے دوران وہ سرسا ڈیرہ ہیڈکوارٹر میں قیام کرے گا۔ رواں سال یہ رام رحیم کی دوسری پیرول ہے، جبکہ 2017 میں سزا سنائے جانے کے بعد اب تک وہ 16 مرتبہ پیرول یا فرلو حاصل کر چکا ہے۔ اس سے پہلے جنوری 2026 میں بھی اسے پیرول دی گئی تھی۔ اگست 2025 میں 40 دن کی پیرول، اپریل 2025 میں 21 دن کی فرلو اور جنوری 2025 میں دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل 30 دن کی پیرول دی گئی تھی۔