نئی دہلی: کانگریس قائدراہول گاندھی کا پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے پرتپاک استقبال کیا۔ راہول گاندھی پیر کو دوپہر 12 بجے سے کچھ دیر پہلے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو پہلے سے موجود انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، پی چدمبرم، رام گوپال یادو، سنجے راوت، تروچی سیوا، پرمود تیواری اور دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔ یہ قائدین راہول گاندھی زندہ باد اور انڈیا انڈیا کے نعرے لگا رہے تھے ۔ کانگریس قائدین نے ایک دوسرے کو لڈو بھی کھلائے ۔ راہول گاندھی کے ساتھ ان کی والدہ سونیا گاندھی بھی تھیں۔ اپنی گاڑی سے اترنے کے بعد راہول گاندھی پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں واقع بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے پاس گئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی سرنیم کے حوالے سے تبصرہ کرنے پر سورت کی ایک عدالت میں دوسال کی سزا سنائے جانے کے بعد راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔ جمعہ کو سپریم کورٹ سے راحت ملنے کے بعد راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت پیر کو بحال کردی گئی۔رکنیت کی بحالی میں تاخیر پر اپوزیشن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔