راہول کی واپسی، امیش کی شمولیت فٹنس سے مشروط

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی فاسٹ بولر امیش یادو احمدآباد میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے لئے ٹیم میں شامل ہوں گے لیکن اس سے پہلے انہیں فٹ نیس ٹسٹ کامیاب کرنا ہوگا جبکہ آسٹریلیا دورے کے دوران زخمی ہوکر باہر ہونے والے لوکیش راہول کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ قومی سلیکٹروں نے احمدآباد میں ہونے والی سیریز کے آخری دو ٹسٹ کے لئے بدھ کے روز ٹیم کا اعلان کیا۔تیسرا اور چوتھا ٹسٹ احمدآباد میں دنیا میں سب سے زیادہ گنجائش والے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹسٹ دن ۔ رات کا میچ ہوگا اور گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔ ہندوستان نے چینائی میں دوسرا ٹسٹ 317 رن سے ریکارڈ فرق سے جیت کر چار میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کرلی ہے ۔ امیش ٹیم میں شاردل ٹھاکر کی جگہ لیں گے ۔ دراصل ہندوستانی سلیکشن کمیٹی نے شاردل، ابھیمنیو ایشورن، شہباز ندیم اور پریانک پانچال کو وجے ہزارے ٹرافی کے لئے ٹیم سے خارج کردیا ہے ۔ ندیم چینائی میں پہلے ٹسٹ میں کھیلے تھے لیکن اس میچ میں ہندوستان کی شکست کے بعد انہیں دوسرے ٹسٹ کے لئے ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا ۔راہول آسٹریلیا دورے میں محدود اوورزکی سیریز میں کھیلے تھے لیکن انہیں ٹسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ ٹسٹ سیریز کے دوران پریکٹس کے دوران کلائی کے زخم کے بعد راہول دورے سے باہر ہوگئے تھے اور انہیں وطن واپس جانا پڑا تھا۔سلیکشن کمیٹی نے انکت راجپوت ، اویس خان ، سندیپ واریر ، کرشنپا گوتم اور سوربھ کمار کو پانچ نیٹ بولروں اور کے ایس بھگت اور راہول چہر کو محفوظ کھلاڑیوں کے طور پر بھی منتخب کیا ہے ۔
ہندوستانی ٹیم : وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما ، میانک اگروال ، شبھمن گل ، چتیشور پجارا ، اجنکیا رہانے (نائب کپتان) ، لوکیش راہول ، ہاردک پانڈیا ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر) ، ردھمن ساہا (وکٹ کیپر) ، روی چندرن اشون ، کلدیپ یادو ، اکشر پٹیل ، واشنگٹن سندر ، ایشانت شرما ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔پانچ نیٹ بولر : انکت راجپوت ، اویس خان ، سندیپ واریر ، کرشنپا گوتم اور سوربھ کمار۔اسٹینڈبائے : کے ایس بھگت اور راہل چاہر۔