راہول گاندھی چنچل گوڑہ میںمحروس کارکنوں سے ملاقات کریں گے

   

ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی ایڈیشنل ڈی جی پی سے ملاقات
حیدرآباد۔5۔ مئی (سیاست نیوز) چنچل گوڑہ جیل میں محروس این ایس یو آئی کارکنوں سے ملاقات کی راہول گاندھی کو اجازت دینے کی درخواست کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے آج ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جیل ڈپارٹمنٹ جتیندر سے ملاقات کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے ہمراہ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، مدھو یاشکی گوڑ ، سمپت کمار ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، روہن ریڈی ، مانوتا رائے اور دوسروں نے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے خواہش کی کہ 7 مئی کو راہول گاندھی کو جیل کے دورہ کی اجازت دی جائے۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں راہول گاندھی کے پروگرام کی اجازت کے حق میں احتجاج کرنے والے صدر این ایس یو آئی بی وینکٹ اور دیگر 17 کارکنوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ چنچل گوڑہ جیل میں محروس کانگریس کارکنوں سے راہول گاندھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس قائدین نے ملاقات کی اجازت کیلئے سپرنٹنڈنٹ چنچل گوڑہ جیل کو پہلے ہی یادداشت پیش کی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر میں ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر سے ملاقات کی جو جیل ڈپارٹمنٹ کے انچارج ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کی پارٹی کارکنوں سے ملاقات کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جیل میں محروس کارکنوں سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے اور پارٹی کے قومی قائد راہول گاندھی کو بھی ملاقات کی اجازت دی جائے ۔ ایڈیشنل ڈی جی پی جتیندر نے اس معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ ر