راہول گاندھی کا نوجوانوں کیلئے 5 ضمانتوں کا اعلان

,

   

بھارت جوڑو نیا ئے یاتراراجستھان میں داخل‘ عوام کا شاندار ردعمل
30لاکھ سرکاری ملازمتوں پر بھرتی‘ نوجوانوں کو اپرنٹس شپ کی سہولت کا وعدہ

جئے پور :راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا راجستھان میں داخل ہوگئی ۔اس موقع پر انہوں نے گریجویٹس اور ڈپلومہ طلباء کے لیے اپرنٹس شپ کا اعلان کیا۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے جمعرات کو راجستھان کے بانسوارہ میں اپنی یاترا کے حصے کے طور پر نوجوان نسل پر توجہ مرکوز کر تے ہوئے 5 ضمانتوں کا اعلان کیا۔ ریالی میں کانگریس کے سینئر لیڈروں بشمول پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اور ریاستی قائدین بھی شریک تھے۔ راہول گاندھی نے سرکاری ملازمتوں کو پر کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ ملک میں سرکاری ملازمتوں میں 30 لاکھ آسامیاں ہیں۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد، ترجیحی بنیادوں پر 30 لاکھ نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر میں گریجویٹس اور ڈپلومہ طلباء کے لیے اپرنٹس شپ کا انعقاد کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہندوستان کے تمام نوجوانوں کو اپرنٹس شپ کے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ اپرنٹس شپ سرکاری دفاتر اور پرائیویٹ کمپنیوں میں فارغ التحصیل اور ڈپلومہ کرنے والے طلبا کو دی جائے گی۔ ہم اس اپرنٹس شپ کو منریگا کی طرح کا قانون بنائیں گے۔ اس اپرنٹس شپ کے تحت نوجوانوں کو ایک سال کی تربیت دی جائے گی اور ایک لاکھ روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے یہ بھی بتایا کہ کانگریس حکومت پیپر لیک پر سختی سے کام کرے گی اور پیپر لیک کے خلاف قانون لائے گی۔ مسابقتی امتحانات میں کوئی آؤٹ سورسنگ نہیں ہوگی۔ گیگ ورکرز کے لیے اسٹارٹ اپ فنڈز اور سماجی تحفظ کی یقین دہانی کر اتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ گیگ ورکرز کی سماجی تحفظ، ملک بھر میں ایک قانون بنائیں گے۔ چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کی مدد کے لیے 5000 کروڑ روپے کا فنڈ قائم کیا جائے گا اور اس اسٹارٹ اپ کو ملک کے ہر ضلع تک رسائی حاصل ہوگی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ذات کی مردم شماری ہندوستان کیلئے ایک ایکسرے ہے۔ راہول گاندھی نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی کانگریس کی گارنٹی کا ذکر کرتے ہوئے 5 گارنٹیوں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ پہلی گارنٹی میںکانگریس پارٹی مرکزی حکومت میں 30 لاکھ ملازمتوں کی بھرتی کو یقینی بنائے گی۔ دوسری گارنٹی انہوں نے ملازمت کی دی اور کہا کہایک نیا اپرینٹس شپ رائٹس ایکٹ بنایا جائے گا جو ہر ڈپلومہ ہولڈر یا کالج گریجویٹ کو سرکاری یا پرائیویٹ شعبے کی کمپنی میں ایک سالہ اپرنٹس شپ (تربیت) کی گارنٹی دے گا۔ تربیت حاصل کرنے والے ہر نوجوان کو ہر سال 1 لاکھ روپے یعنی کہ 8,500 روپے ہر ماہ ملیں گے۔ تیسری گارنٹی امتحانات میں سوالناموں کے افشا (پیپر لیک) ہونے کو روکنے کی ہے۔ چوتھی گارنٹی معاشی تحفظ سے متعلق ہے ۔کانگریس ’گِگ اکنامی‘ میں ہر سال روزگار ڈھونڈنے والے لاکھوں نوجوانوں کیلئے بہتر ورکنگ کنڈیشن اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون بنانے کی گارنٹی دیتی ہے۔ پانچویں گارنٹی ’یووا روشنی‘ ہے۔کانگریس پانچ سال کی مدت کیلئے ملک کے تمام اضلاع کو 5,000 کروڑ روپے کا فنڈ دیا جائے گا جس کی مدد سے 40 سال سے کم عمر کے نوجوان کسی بھی شعبے میں اپنے کاروبار کیلئے اسٹارٹ اپ فنڈنگ حاصل کر سکیں گے۔