حیدرآباد۔4۔ مئی (سیاست نیوز) بی جے پی نے راہول گاندھی کے دورہ عثمانیہ یونیورسٹی کے منصوبہ کی مذمت کی ہے ۔ پارٹی ترجمان این وی ایس پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سوال کیا کہ راہول گاندھی آخر کس مقصد سے عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران عثمانیہ یونیورسٹی کے نوجوانوں میں اپنی جانوں کی قربانی دی لیکن راہول گاندھی کو خراج پیش کرنے کا خیال نہیں آیا۔ اب جبکہ انتخابات قریب ہیں، سیاسی فائدہ کیلئے عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے علحدہ تلنگانہ کے قیام میں تاخیر کرتے ہوئے نوجوانوں کو جان کی قربانی دینے پر مجبور کیا ۔ کئی نوجوانوں نے اپنے بیان قبل از مرگ میں اپنی موت کیلئے راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کو ذمہ دار قرار دیا ۔ پربھاکر نے کہا کہ راہول گاندھی کو عثمانیہ یونیورسٹی کے دورہ سے قبل طلبہ کی موت پر بیان دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہیں دورہ کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔ ر