حیدرآباد ۔4۔نومبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن اور کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کل 5 نومبر کی شام حیدرآباد پہنچیں گے ۔ تلنگانہ میں 6 نومبر سے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز ہورہا ہے، ایسے میں راہول گاندھی حیدرآباد میں مختلف طبقات کے نمائندوں کے علاوہ سیول سوسائٹی سے مذاکرات کریں گے۔ راہول گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران کانگریس برسر اقتدار آنے پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا تھا ۔ ریونت ریڈی حکومت نے 6 نومبر سے 80,000 سرکاری ملازمین کے ذریعہ مردم شماری کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جس کی تکمیل کیلئے 30 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔ مردم شماری کے آغاز کے موقع پر راہول گاندھی کی آمد سے ملک بھر میں پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے میں مدد ملے گی۔ شیڈول کے مطابق راہول گاندھی 5 نومبر کی شام 4.45 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے ۔ وہاں سے سڑک کے راستہ بوئن پلی میں واقع گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر پہنچیں گے ۔ شام 5.30 بجے وہ مردم شماری کے مسئلہ پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔ راہول گاندھی سیول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کے400 نمائندوں سے ملاقات کے بعد شام 7.30 بجے نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ گاندھی بھون میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے حیدرآباد کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور راہول گاندھی کے شاندار استقبال کا فیصلہ کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ راہول گاندھی بی سی طبقات کو سماجی انصاف کے تحت سرکاری اسکیمات میں موثر حصہ داری کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے نظریہ کے عین مطابق حکومت نے مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ 1