راہول گاندھی کے دورہ کی کامیابی سے ٹی آر ایس اور بی جے پی خوفزدہ

   

راہول گاندھی پر تنقید دراصل تلنگانہ عوام کی توہین، ملو روی اور دیگر قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔9۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کی جانب سے راہول گاندھی پر تنقیدوں کی سخت مذمت کی ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی ، صدرنشین پردیش کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، او بی سی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین این سریکانت ، پردیش کانگریس کے ترجمان ایودھیا ریڈی ، پی وینو گوپال راؤ اور بھوپال ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی کے دورہ کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں کسانوں کے جلسہ عام میں لاکھوں کسانوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان حکومت سے ناراض ہیں۔ راہول گاندھی نے کانگریس برسر اقتدار آنے پر کسانوں کیلئے دو لاکھ روپئے قرض کی معافی اور دیگر اعلانات پر مشتمل ڈکلیریشن جاری کیا جس کا ہر سطح پر خیرمقدم کیا جارہا ہے ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ملو روی نے کہا کہ راہول گاندھی نے جس ڈکلیریشن کا اعلان کیاہے ، اس پر چھتیس گڑھ میں عمل کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور زرعی مزدوروں کے علاوہ فصلوں کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کو کانگریس پارٹی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ سے ٹی آر ایس اور بی جے پی خوفزدہ ہیں اور انہیں شکست ابھی سے دکھائی دینے لگی ہے۔ راہول گاندھی پر کے ٹی آر کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ راہول گاندھی نے ٹی آر ایس کے انتخابی وعدوں کا ذکر نہیں کیا بلکہ کانگریس کی جانب سے وعدے کئے گئے ۔ باوجود اس کے کے ٹی آر کا بے چین ہونا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے اور کانگریس کے قائدین کو نشانہ بنانا دراصل تلنگانہ عوام کی توہین ہے۔ تلنگانہ عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو سبق سکھائیں گے۔ر