راہول گاندھی کے معاملے پر قانونی ٹیم کام کررہی ہے۔ ملکاراجن کھڑگی

,

   

کھڑگی نے کہاکہ پارٹی اس معاملے کو ”سیاسی اور قانونی“ طور پر سامنا کرنے کے لئے تیار ہے اور راہول گاندھی کو ”عجلت میں“ نااہل قراردینے کے لئے مرکز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایاہے۔


نئی دہلی۔ کانگریس صدر ملکاراجن کھڑگی نے کہاکہ اس کیس پر ایک قانونی ٹیم کام کررہی ہے جس میں سابق کانگریس صدر راہول گاندھی کو گجرات کی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعدلوک سبھا سے نااہل قراردیدیا ہے۔

کھڑگی نے کہاکہ پارٹی اس معاملے کو ”سیاسی اور قانونی“ طور پر سامنا کرنے کے لئے تیار ہے اور راہول گاندھی کو ”عجلت میں“ نااہل قراردینے کے لئے مرکز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایاہے۔

کانگریس صدر نے اس نااہلی کے اقدام کو ”انتقام“ قراردیا ہے۔راہول گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرردینے کے خلاف احتجاج کے طور پر اور اڈانی گروپ کے خلاف دھوکہ دہی کے لگائے گئے الزامات میں ایک جانچ کے مطالبے کا دباؤ ڈالنے کے لئے کانگریس نے ملک بھر میں مرکز کے خلاف ”جئے بھارت ستیہ گرہ“کا شروعات کی ہے۔

مذکورہ پارٹی نے ”ستیہ گرہ‘’کی نگرانی کرنے کے لئے ایک وار روم تشکیل دیا ہے‘ جس کا اختتام دہلی میں ایک ریالی کے ساتھ ہوگا۔

کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہاہے کہ ”راہول گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قراردئے جانے اور غلط سزا کے خلاف ’جئے بھارت ستیہ گرہ‘ ایک احتجاج ہے اور لوگوں کے پیسے اور ملک کی دولت کے کھلم کھلالوٹ کے خلاف عوام کی آوازاٹھاتے رہنے کے پارٹی کے ایک مضبوط عزم کا اظہار ہے“۔

احتجاج کے دوران بنائے گئے پروگراموں کے حصہ کے طور پر کانگریس کے بلاک /منڈل یونٹس’نکڑ سبھا‘ کریں گے اور عوام سے متعلقہ موضوعات پر خطاب کریں گے۔

راہول گاندھی کے عوام کے نام پر توجہ مرکوز کرنے والی سوشیل میڈیامہم بھی چلائی جائی گی جس میں ’ستیہ گرہ‘کے لئے عوامی حمایت کی اپیل کی جائے گی۔