راہول گاندھی 10 ڈسمبر کو سہارنپور سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

   

سہارنپور۔ 28 نومبر (یو این آئی) لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی 10 ڈسمبر کو اقلیتوں اور دلتوں کی اکثریت والے مغربی اترپردیش کے سہارنپور سے اسمبلی انتخابات کی مہم کا آغاز کریں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی نے سہارنپور کی نشست جیت کر اپنی بڑھتی ہوئی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔ کانگریس قیادت نے حال ہی میں عمران مسعود کو ریاستی کانگریس کا کارگزار صدر مقرر کیا ہے ۔ عمران مسعود نوجوان مسلمانوں میں گہرا اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور سیاسی طور پر کافی سرگرم ہیں۔ دو روز قبل ہی کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے راہول گاندھی کی خطابت، جدوجہد اور سرگرمیوں کی تعریف کر چکے ہیں۔ مغربی اترپردیش میں کانگریس پارٹی عمران مسعود کو آگے کرکے سماجوادی پارٹی پر زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیے دباؤ بنا رہی ہے ۔ عمران مسعود کے پرینکا گاندھی سے بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔ راہول گاندھی کی جانب سے سہارنپور سے پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرنے کے فیصلے سے اکھلیش یادو پر بھی دباؤ پڑے گا۔