815 مساجد میں افطار اور تحائف کی تقسیم، گریٹر حیدرآباد میں 448 مساجد کا انتخاب، حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے موقع پر ہر سال کی طرح ریاست بھر کے غریب مسلمانوں میں حکومت کی جانب سے ملبوسات کا تحفہ پیش کیا جائے گا۔ حکومت نے ملبوسات تقسیم کے سلسلہ میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے جی او آر ٹی 25 کے ذریعہ دعوت افطار اور ملبوسات کے تحائف کی تقسیم کے لئے کمیٹی کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نائب صدرنشین ہوں گے۔ کمیٹی کے ارکان کے طور پر پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود، کمشنر اکسائز، کمشنر پولیس حیدرآباد، کمشنر پولیس سائبرآباد، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ اور ڈائرکٹر پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ کمشنر اقلیتی بہبود ممبر کنوینر ہوں گے اور سکریٹری تلنگانہ اقامتی اسکولس سوسائٹی عائشہ مسرت خانم آئی اے ایس بھی کمیٹی کی رکن مقرر کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر اسمبلی حلقہ میں مقامی عوامی نمائندوں کی نگرانی میں ملبوسات کا تحفہ غریبوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ریاستی بھر میں 4.50 لاکھ ملبوسات کے تحائف کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا جو ریاست کی 815 مساجد کے ذریعہ تقسیم کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 448 مساجد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ہر وارڈ میں 2 اور 24 اسمبلی حلقہ جات میں فی کس 4 مساجد اور سکندرآباد کنٹونمنٹ میں 16 مساجد اور شیعہ، مہدوی مساجد اور یتیم خانوں میں 19 مساجد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ ریاست کی 448 مساجد میں فی کس 500 افراد کیلئے افطار کا اہتمام کرتے ہوئے 2.24 لاکھ افراد کا احاطہ کیا جائے گا۔ مساجد میں افطار، ڈنر کے ساتھ ملبوسات کے تحائف کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کی 367 مساجد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کی جملہ 815 مساجد میں افطار، ڈنر اور ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ 1